بھٹکل، 4 / نومبر (ایس او نیوز) کنڑا راجیہ اتسوا کے موقع پر تعلقہ اسٹیڈیم میں منعقدہ سرکاری عوامی تقریب کے دوران جالی پٹن پنچایت کی صدر محترمہ افشاں قاضیا نے 'بھونیشوری دیوی' کی شکل میں 'کنڑا ماتے' کے قدموں میں پھولوں کا نذرانہ پیش کرنے سے جو انکار کیا تھا اس کے خلاف بی جے پی اور سنگھ پریوار نے مورچہ کھول دیا ہے ۔
'بھونیشوری کنڑا سنگھا' کے صدر انّپّا نائک نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے افشاں قاضیا کے موقف کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر صدارت کے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے ۔ انّپّا نائک کا کہنا ہے کہ جالی پٹن پنچایت کی صدر نے بھونیشوری دیوی کو پھول پیش کرنے سے انکار کرتے ہوئے 'کنڑا ماں' کی توہین کی ہے ۔ اس سے پوری ریاست کرناٹکا کے باشندوں کی توہین ہوئی ہے ۔ اور یہ ایک انتہائی قابل مذمت حرکت ہے ۔
انّپّا نائک نے دھمکی دی ہے کہ اگر جالی پٹن پنچایت کی صدر استعفیٰ نہیں دیں گی تو پھر اپنا مطالبہ منوانے کے لئے کنڑا پریمیوں کے ساتھ مل کر جالی پٹن پنچایت کا محاصرہ کیا جائے گا ۔
اس کے جواب میں سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی جانب سے آج بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے ڈپٹی کمشنر کا میمورنڈم پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کسی نہ کسی بہانے سے بھٹکل تعلقہ میں امن و امان کی صورت حال بگاڑنے کی کوشش میں لگی ہوئی طاقتوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ جالی پٹن پنچایت کی صدر افشاں قاضیا کے خلاف بی جے پی اور سنگھ پریوار کے لیڈر بلا وجہ نفرت انگیز مہم چلا رہے ہیں ۔ سوشیل میڈیا پر ہتک آمیز باتیں عام کی جا رہی ہیں ۔ در اصل اقلیتی سماج کی ایک خاتون کا پٹن پنچایت کی صدارت کا منصب سنبھالنا بی جے پی اور سنگھ پریوار کے کارکنان اور لیڈران کو برداشت نہیں ہو رہا ہے ۔
اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے لیڈر توفیق بیر ی نے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار والے کسی نہ کسی بہانے سے بار بار بھٹکل میں بد امنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کے خلاف ایس ڈی پی آئی نے بارہا ضلع انتظامیہ کو میمورنڈم دئے ہیں ۔ جالی پٹن پنچایت کی صدر نے اپنی مذہبی آزادی کے حق کے تحت اپنا موقف اختیار کیا ہے ۔ ان کی کسی بھی حرکت سے کسی کی بھی ہتک ہونے جیسی کوئی بات ثابت نہیں ہوتی ۔ بی جے پی اور سنگھ پریوار والے جنہوں نے برسہا برس تک اپنے دفتروں پر ترنگا جھنڈا نہیں لہرایا تھا ان سے ہمیں حب الوطنی یا دیش پریم کا سبق سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔
ایس ڈی پی آئی کی جانب سے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواہ مخواہ افواہیں پھیلا کر اور غیر ضروری طور پر کسی بھی معاملے کو فرقہ رنگ دے کر ماحول خراب والے بی جے پی اور سنگھ پریوار کارکنان کے خلاف فوراً کارروائی کی جائے اور جالی پٹن پنچایت صدر کے خلاف بلا وجہ محاذ آرائی اور منفی پروپگنڈے پر روک لگائی جائے ۔